بھارت میں ایک نوجوان نے شک کی بنیاد پر اپنی دوست کو پریشرککر مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، دونوں لڑکا لڑکی ایک فلیٹ میں گزشتہ دو سال سے رہ رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کی پولیس نے ایک شخص کو مبینہ طور پر اپنی ساتھی کو پریشر کُکر سے مارنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل کا یہ واقعہ گزشتہ روز بنگلورو میں پیش آیا، ملزم کو اپنی ساتھی لڑکی پر شک تھا کہ وہ اس کے ساتھ بےوفائی کررہی ہے اور اس کی میسج پر کسی اور سے بھی گفتگو ہوتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ دونوں گزشتہ دو سال سے جنوبی بنگلورو کے علاقے بیگور میں کرائے کے اپارٹمنٹ میں ساتھ رہتے تھے۔
ملزم کی شناخت 29 سالہ وشنو کے طور پر کی گئی ہے جبکہ 24 سالہ مقتولہ کا نام دیوا ہے دونوں کا آبائی تعلق کیرالہ سے ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں کالج کے زمانے سے ساتھ پڑھتے تھے، وشنو ایک مقامی فرم کے ساتھ مارکیٹنگ ایگزیکٹو کے طور پر ملازمت کرتا تھا جو واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا تاہم بعد ازاں اس کی لوکیشن ٹریس کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔
وشنو اور دیوا کے درمیان اکثر زبانی جھگڑے بھی ہوتے رہے جس کی تصدیق پڑوسیوں نے بھی کی تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کسی بھی فریق کی جانب سے کوئی شکایت درج نہیں کروائی گئی تھی۔