بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ضلع چنگل پٹو میں 29 سالہ جوان زندہ مچھلی نگلنے کے باعث دم گھٹنے سے موت کے منہ میں چلا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہلاک جوان کی شناخت منیگندن کے نام سے ہوئی جو گاؤں ارایاپکم کا رہائشی تھا، اس نے مدورانتکم کے قریب مچھلی کا شکار کرنے کے بعد اسے منہ میں رکھا تھا۔
منیگندن یومیہ اجرت پر کام کرنے والا مزدور تھا جسے ہاتھوں سے مچھلیاں پکڑنے کیلیے جانا جاتا تھا، وہ مچھلی کی تلاش میں جھیل گیا جہاں پانی کی سطح کم تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق اس نے ایک مچھلی پکڑی تھی اور دوسری کو دیکھتے ہی پہلی والی کو منہ میں رکھا تاکہ دوسری کو پکڑ سکے لیکن پہلی والی غلطی سے اس کے گلے میں اتر کر سانس کی نالی میں جا پھنسی۔
موقع پر موجود لوگوں نے متوفی کے گلے سے مچھلی نکالنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملی، اسے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔