(26 جولائی 2025): بھارتی ریاست بہار کے شہر بیگوسرائے میں مردے کے جسم پر آٹا لگا کر اسے زندہ کرنے کی کوشش کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق بیگوسرائے میں ایک خاندان نے نے اسپتال کے احاطے میں آٹا، پاؤڈر اور رولنگ پن سے مردہ نوجوان کو زندہ کرنے کی کوشش کی۔
جب اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ہر کوئی حیران رہ گیا اور سوال کرنے لگا کہ اس کی حقیقت کیا ہے؟
دراصل بیگوسرائے کے رہائشی نوجوان منیش کمار کو گاڑی کی مرمت کے دوران کرنٹ لگ گیا تھا۔ وہ ویلڈنگ کا کام کر رہا تھا اور غلطی سے اس کا ہاتھ بجلی کی ننگی تار سے لگا گیا جس کے نتیجے میں اسے شدید جھٹکا لگا۔
اہل خانہ اسے فوری طور پر ایک پرائیویٹ اسپتال لے گئے جہاں اسے بیگوسرائے صدر اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا اور اسے مردہ قرار دے دیا، تاہم غم زدہ خاندان نے ڈاکٹروں پر غفلت کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ علاج صحیح طریقے سے نہیں کیا گیا۔
منیش کمار کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش میں انہوں نے لاش کو اسپتال کے احاطے میں ایک بینچ پر رکھ دیا اور اس کے جسم پر نہ صرف آٹا اور پاؤڈر لگایا بلکہ رولنگ پن بھی مارتے رہے۔
یہ عمل تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا اور اردگرد لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جنہوں نے اپنے موبائل فونز میں منظر کو ریکارڈ کیا۔
جب منیش کمار کو ہوش نہیں آیا تو انہوں نے اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے بھیج دیا۔
اہل خانہ نے اسپتال پر طبی غفلت کا الزام لگایا اور کہا کہ ڈاکٹروں نے اس کا صحیح علاج نہیں کیا، ہم اسے اپنے طریقے سے زندہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے سول سرجن اشوک کمار نے کہا کہ نوجوان کو بجلی کا جھٹکا لگنے پر اسپتال لایا گیا تھا، وہ پہلے ہی مر چکا تھا، معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا، بعد میں اہل خانہ نے جو کچھ کیا وہ ان کے عقیدے کا حصہ تھا۔