ساؤنڈ سسٹم کی اونچی آواز شہری کی جان لے گئی

ساؤنڈ سسٹم کی اونچی آواز شہری کی جان لے گئی

بھارت کی ریاست اڈيشا میں مبینہ طور پر ساؤنڈ سسٹم کی اونچی آواز سے شہری موت کے منہ میں چلا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر رورکیلا میں مذہبی تقریب کیلیے ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا تھا جبکہ اس کیلیے ڈی جے کی خدمات بھی لی گئی تھیں۔

تقریب کے دوران پریم ناتھ باربھایا نامی شہری اپنی چائے کی دکان پر موجود تھا کہ اچانک اسے سینے میں تکلیف ہوئی۔ گاہکوں کے سامنے وہ زمین پر گر کر بے ہوش ہوگیا۔

موقع پر موجود لوگوں نے اسے فوراً اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ متوفی کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کی وجہ ساؤنڈ سسٹم کی اونچی آواز ہو سکتی ہے۔

واقعے کے اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ڈی جے کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کی جانب سے منتظمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

پولیس کے مطابق معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔