بھارت میں لڑکی کا روپ دھار کر گرل فرینڈ کا امتحان دینے پہنچنے والا لڑکا پکڑا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست پنجاب کے علاقے فریڈ کوٹ میں نوجوان کو گرل فرینڈ کا روپ دھار کر بھرتی کے امتحان میں شرکت کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔
انگریز سنگھ نے گرل فرینڈ پرمجیت کور کا روپ دھارا اور بھرتی کے امتحان میں شرکت کے لیے لڑکی کا لباس زیب تن کیا، میک اپ کرکے جیولری بھی پہنی لیکن اس کی ساری کوششیں دھری رہ گئیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سنگھ نے 7 جنوری کو کوٹکپورہ کے ڈی اے وی پبلک اسکول میں گرل فرینڈ کی جگہ ہیلتھ ورکرز ریکروٹمنٹ کا امتحان دینے کے لیے جعلی کارڈ کا استعمال کرکے اپنی شناخت بنائی۔
تاہم نوجوان اس وقت پکڑا گیا جب اس کی انگلیوں کے نشانات بائیو میٹرک ڈیوائس پر اصل امیدوار سے مماثل نہیں تھے۔
اس کے بعد انکشاف ہوا کہ انگریز سنگھ نے لڑکی کا لباس زیب تن کیا تھا اور اپنی گرل فرینڈ کی جگہ امتحان میں شرکت کے لیے جعلی اسناد کا استعمال کیا تھا۔
ایس پی جسمیت سنگھ کا کہنا ہے کہ انگریز سنگھ کو حراست میں لے لیا گیا ہے تمام حقائق سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔