14 اگست پر باجا بجانے سے منع کرنے پر نوجوان قتل

14 اگست باجا

اوکاڑہ میں گزشتہ روز 14 اگست پر باجا بجانے سے منع کرنے پر نوجوان کو قتل کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اوکاڑہ کے تھانہ بی ڈویژن کی حدود  صابر پیا ٹاؤن میں گزشتہ روز یوم ازادی پر  بچوں کو باجا بجانے سے منع کرنے والے نوجوان کو  فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

مقتول ارشد نے ملزمان کے بچوں کو باجا بجانے سے منع کیا تھا جس پر گزشتہ روز ان کے بڑوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر ملزمان نے آج اسے فائرنگ کرکے گھر کے باہر کھڑے نوجوان ارشد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ بی ڈ ویژن  پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے  اسپتال منتقل کردیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈی پی او طارق عزیز سندھو کے نوٹس پر پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کردئیے ہیں،

اس حوالے سے مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا اور متاثرہ فیملی کو ہرممکن انصاف فراہم کیا جائے گا۔