نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں ایک 21 سالہ لڑکے نے اپنی 17 سالہ دوست کو قتل کر کے اس کی لاش کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیں۔
21 سالہ کلارک نے اس قتل کا ارتکاب چند ماہ قبل کیا تھا اور اب اس پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔
کلارک نے اپنی دوست کو قتل کرنے کے بعد اپنے گلے پر چھری مار کر خود کو بھی مارنے کی کوشش کی تاہم وہ بچ گیا، پولیس نے اسپتال سے فارغ ہوتے ہی اسے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق قاتل اور مقتولہ ڈیونس کی دوستی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ہوئی تھی۔ ڈیونس سوشل میڈیا کی ایک معروف شخصیت تھی خصوصاً مختلف آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز پر اس کے مداحوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔
واقعے کے روز دونوں رات کے وقت ایک کنسرٹ سے واپس آرہے تھے، راستے میں ان دونوں کی کسی بات پر لڑائی ہوئی اور یہی لڑائی ڈیونس کے قتل کی وجہ بنی۔
قتل کے بعد کلارک نے لاش کی تصاویر گیمنگ کمیونٹی کے استعمال کیے جانے والے ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کردیں۔
عدالت میں کلارک نے اپنے جرم پر پچھتاوے کا اظہار کیا اور معافی مانگی، فرد جرم عائد ہونے کے بعد اب کلارک کو 25 سال قید کی سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔