داماد نے انشورنس کی رقم حاصل کرنے کیلیے ساس کا قتل کروا دیا

داماد نے انشورنس کی رقم حاصل کرنے کیلیے ساس کا قتل کروا دیا

(13 جولائی 2025) بھارتی ریاست تلنگانہ میں داماد نے محض لائف انشورنس کی رقم حاصل کرنے کیلیے ساس کا قتل کروا کر اسے سڑک حادثہ ظاہر کر دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ضلع سدی پیٹ میں پیش آیا جہاں داماد نے 60 لاکھ روپے لائف انشورنس کی رقم حاصل کرنے کیلیے 60 سالہ ساس کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

داماد کی شناخت وینکٹیش کے نام سے ہوئی جس نے رواں سال مارچ میں پوسٹ آفس اور ایس بی آئی میں اپنی ساس کے نام سے متعدد انشورنس پالیسیاں لیں۔

ملزم وینکٹیش نے بیمہ کی رقم کا دعویٰ کرنے کیلیے خاتون کو قتل کرنے اور اس کی موت کو سڑک حادثہ کے طور پر پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی۔

اپنے مذموم منصوبے کے تحت وہ کسی بہانے ساس کو کھیتوں میں لے گیا اور اندھیرے کی آڑ میں انہیں آدھی رات کو اکیلے گھر بھیج دیا تاکہ وہ پلان کے مطابق اگلا قدم اٹھائے۔

اس نے منصوبے میں شامل ہونے پر اپنے بھائی کو بھی رقم دینے کا وعدہ کیا تھا۔ جب خاتون سنسان سڑک پر اکیلی گھر جا رہی تھی تو ملزم کے بھائی نے کار سے خاتون کو کچل ڈالا۔

ملزم نے پھر اس کو ایک المناک حادثاتی موت کے طور پر ظاہر کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس کی تفتیش کے دوران منصوبے کا انکشاف ہوا۔

پولیس حکام نے شک کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بغور جائزہ لیا جو وینکٹیش کے بیان سے متصادم تھے۔

سخت تفتیش کے دوران داماد نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ساس کا قتل صرف بیمہ کی رقم حاصل کرنے کیلیے کروایا۔