بیوی کے گھر دیر سے آنے پر شوہر نے خود کو آگ لگا لی

بیوی کے گھر دیر سے آنے پر

بھارت میں بیوی کے گھر دیر سے آنے پر شوہر نے خود کو آگ لگا لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھوپال میں شوہر نے رات دیر سے گھر آنے پر بیوی کے ساتھ جھگڑے کے بعد خود کو آگ لگا کر خودکشی کرلی، شوہر نے اہلیہ پر تشدد بھی کیا جس کے بعد وہ گھر سے بھاگ گئی۔

پردیپ نائر این جی او میں پروگرام منیجر ہے جبکہ نہاریکا اس کی دوسری بیوی تھی جس سے اس نے گزشتہ سال 14 فروری کو شادی کی تھی۔

پولیس کے مطابق پردیپ رائے پور میں تعینات تھا اور نہاریکا بھوپال میں ایک دوسری این جی او سے وابستہ تھی۔

چوبیس فروری کو پردیپ گھر واپس آیا اور جب رات دیر گئے نہاریکا واپس آئی تو جوڑے کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا جس کے بعد پردیپ نے اہلیہ پر تشدد بھی کیا۔

نہاریکا اپارٹمنٹ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی جس کے بعد پردیپ نے فلیٹ کو اندر سے بند کرکے خود کو آگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق پڑوسیوں نے جب فلیٹ سے آگ اور دھواں دیکھا تو فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔

پولیس نے پردیپ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا جبکہ اہلیہ کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا ہے اور طبی معائنے کے بعد تصدیق ہوئی کہ نہاریکا پر تشدد کیا گیا تھا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ نہاریکا این جی او کے کام کی وجہ سے دیر سے گھر پہنچی تھی۔