بھارت کی ریاست اتر پردیش میں شوہر نے بیوی کے پیٹ میں چھرا گھونپ کر اسے بچوں کے سامنے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل کا واقعہ لکھنؤ میں پیش آیا جہاں آدتیہ کپور کو ہفتے کے روز تاخیر سے گھر پہنچنے پر بیوی کے سخت جملوں کا سامنا کرنا پڑا۔
آدتیہ کپور کی کپڑے کی دکان ہے۔ جب وہ گھر پہنچا تو مقتولہ نے اس کو ڈانٹا کہ آپ تاخیر سے کیوں آئے؟ معمولی سی بات پر جوڑے میں جھگڑا ہوگیا۔
جب جھگڑا طویل ہوا تو بچوں نے پولیس کو اطلاع کر دی لیکن پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی ملزم نے بیوی کے پیٹ میں چھرا گونپ کر اسے قتل کر دیا۔
بچے یہ دیکھتے ہی چیخ اٹھے۔ انہوں نے پولیس کے آنے تک والد کو کمرے میں بند کر دیا لیکن ملزم نے فرار ہونے یا خودکشی کی غرض سے تیسری منزل سے چھلانگ لگائی جس کے باعث شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو علاج کیلیے اسپتال منتقل کیا جبکہ مقتولہ کی لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلیے بھیج دی۔ پولیس نے دونوں بچوں کا بیان بھی ریکارڈ کیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اس سے پہلے بھی بیوی کے ساتھ جھگڑا ہونے پر متعدد بار خودکشی کی کوشش کر چکا ہے۔