بھارت میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ میں شوہر نے مبینہ طور پر بیوی کو چاقو مار کر ہلاک کردیا اور بعد میں خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم گووند نے باپ کے ساتھ مل کر معمولی گھریلو جھگڑے پر بیوی منجو کو قتل کردیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ ملزم گووند اور اس کے والد کے خلاف درج کرلیا جبکہ ملزم کا والد کنور پال سنگھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مارہی ہے۔
مقتولہ نرس اور تین بچوں کی ماں تھی، منجو کی شادی فوٹو گرافر گووند سے 14 سال قبل ہوئی تھی۔
منجو کے بھائی جنک سنگھ نے الزام لگایا ہے کہ اسے گووند اور اس کے گھر والے اکثر ہراساں کرتے تھے۔
مقتولہ کے بھائی کا کہنا ہے کہ قتل سے ایک دن پہلے جوڑے کے درمیان دس ہزار روپے کے لیے بحث ہوئی تھی جسے مبینہ طور پر گووند نے چرایا تھا۔
ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو بتایا کہ بیوی سے جھگڑا ہوا تھا اور غصے میں اس نے منجو کو چاقو مار دیا اور کئی گھنٹے تک اس کی لاش کے پاس بیٹھا رہا پھر خود کو پولیس کے حوالے کیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے آلہ قتل برآمد کرلیا جو مقتولہ کی لاش کے پاس پڑا تھا۔
اے سی پی پیوش کانت کا کہنا ہے کہ ملزم گووند کو جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ منجو کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔