شوہر کے ہاتھوں بیوی اور ساس کا قتل، گھر میں لاشیں دفنا کر کیلے کا پودا لگا دیا

شوہر کے ہاتھوں بیوی اور ساس کا قتل، گھر میں لاشیں دفنا کر کیلے کا پودا لگا دیا

(31 جولائی 2025): بھارتی ریاست اڈیشہ میں شوہر نے بیوی اور ساس کو قتل کیا اور پولیس سے بچنے کیلیے لاشیں گھر میں دفنا کر کے اوپر کیلے کا پودا لگا دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق دوہرے قتل کا واقعہ ضلع میوربھج میں پیش آیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم دیباشیش کا اپنی بیوی سونالی سے جھگڑا ہوا تھا جس کے باعث مقتولہ اپنی ماں کے گھر رہنے چلی گئی تھی۔

12 جولائی کو سونالی اور والدہ سومیتا ملزم کے گھر آئے اور تب سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ سونالی کی بہن نے کولیانہ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی تھی۔

پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم منگل کو دیباشیش کے گھر پہنچی، پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ اس نے غصے میں دونوں کو قتل کیا اور گھر کے عقب میں گارڈن میں 10 فٹ گہرا گڑھا کھودا اور لاشوں کو وہیں دفن کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بہو کو زندہ جلا کر مارنے والی ساس، نند اور شوہر کو عمر قید

پولیس حکام کے مطابق ملزم نے پکڑے جانے کے ڈر سے گڑھے کے اوپر کیلے کا پودا لگا دیا۔ کیس کو حل کرنے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو کھود کر دونوں لاشیں برآمد کیں جنہیں پوسٹ مارٹم کیلیے باری پاڑا پی آر ایم میڈیکل کالج بھیج دیا گیا۔

دیباشیش کو گرفتار کر کے باری پاڑا عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ دوہرے قتل کی واردات میں دیگر ملزمان بھی شامل ہو سکتے ہیں کیونکہ ایک فرد کیلیے دو افراد کو قتل کرنا، 10 فٹ گہرا گڑھا کھودنا اور لاشوں کو دفن کرنا ناممکن ہے۔

تفتیش کے دوران دیباشیش نے پولیس کو بتایا کہ اس نے پہلے سے قتل کا منصوبہ بنا رکھا تھا، گڑھا بھی کھود رکھا تھا۔

پولیس افسر گوچایت نے بتایا کہ ملزم کی بیوی اور ساس کی گمشدگی کی اطلاع 25 جولائی کو کولیانہ تھانے میں درج کی گئی تھی تلاش کے دوران ان کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا، لواحقین نے شبہ ظاہر کیا کہ شاید دیباش نے انہیں قتل کیا ہے، اس سلسلے میں ہم نے دیبایش سے پوچھ گچھ کی۔