سیالکوٹ : ہندو برادری کے لیے تحفہ، ہزار سالہ پرانا مندر بحال

اسلام آباد : کرتار پور راہداری کے بعد اب ہندو برادری کیلئے پاکستان کی جانب سے ایک اور تحفہ دیا گیا ہے، ہندوؤں کے قدیم مندر کو ستر سال بعد تزئین و آرائش کے بعد کھول دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ سیالکوٹ میں1000سال پرانے شیولا تیجا سنگھ مندر بحال کردیا گیا ہے۔

مذکورہ مندر کو مرمت اور تزئین و آرائش کے بعد بحال کیا گیا، شیولہ تیجاسنگھ کی مرمت 70سال بعد ہوئی، جس کی افتتاحی تقریب گزشتہ شب منعقد ہوئی، مندر کا ہندو رسم ورواج کے مطابق افتتاح کیا گیا۔

تقریب میں ہندو برادری کے200سے زائد افراد سمیت مقامی مسلمانوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر ہندو برادری کی جانب سے شیولا تیجا سنگھ مندر کو کھولے جانے پر مسرت کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ تقریب میں اوقاف پراپرٹی بورڈ کے سربراہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اس تقریب کا مقصد دنیا کو بتانا تھا کہ پاکستان اقلیت دوست ملک ہے۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ سرکلر روڈ پر واقع شیولہ تیجا سنگھ مندر ایک کنال رقبے پر مشتمل ہے اور یہ مندر قیام پاکستان کے بعد سے بند پڑا تھا۔

اس سے قبل پاکستان نے سیالکوٹ میں ہی واقع سکھوں کے قدیم گورد وارے بابے دی بیری کو بھی 2015 میں بحال کیا تھا۔