کراچی: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ منشا پاشا کا موبائل فون دوران چارجنگ پھٹ گیا۔
اداکارہ منشا پاشا نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر مختلف اسٹوریز شیئر کیں اور اپنے ساتھ پیش آئے حادثے سے متعلق بتایا۔
منشا پاشا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں فون کی کچھ تصاویر شیئر کیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کا موبائل فون بری طرح سے جلا ہوا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’یہ ان کے فون کا پرانا ماڈل ہے جو انہوں نے کسی کو استعمال کرنے کے لیے دیا تھا۔‘
منشا پاشا نے بتایا کہ ’ان کا یہ فون ٹیلی وژن کے ساتھ ہی چارجنگ پر لگا ہوا تھا اور اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’میں نے اس حادثے میں اپنے فون کا تمام ڈیٹا کھو دیا اور میں نے وہ کہیں ٹرانسفر بھی نہیں کیا تھا، منشا پاشا نے مزید لکھا کہ ’شکر ہے اس حادثے میں کسی کو نقصان نہیں پہنچا۔‘