ورلڈ کپ فائنل کے بعد مارکس اسٹونس نے سچن ٹنڈولکر کو نظر انداز کردیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ عالمی کپ اپنے نام کیا، ٹریوس ہیڈ کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کو میڈل پہنائے گئے اس دوران تمام کھلاڑی باری باری آکر مہمانوں سے مصافحہ کرتے ہوئے میڈل پہنتے رہے۔
تاہم مارکس اسٹونس نے مہمانوں میں سابق بھارتی لیجنڈ بیٹر سچن ٹنڈولکر سے مصافحہ نہیں کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
— Rahul Chauhan (@ImRahulCSK11) November 20, 2023
ویڈیو میں اسٹونس کو بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی، سیکریٹری جے شاہ اور ہندوستانی لیجنڈ ٹنڈولکر سے ملے بغیر سیدھے گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ڈیوڈ وارنر کے اسٹیج پر موجود تمام عہدیداروں سے مصافحہ کیا جبکہ ایڈم زمپا نے صرف ٹنڈولکر سے ہی ہاتھ ملایا۔
بھارتی شائقین کی جانب سے اسٹونس اور زمپا کے اقدام کو پسند نہیں کیا گیا اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔