پشاور: خیبرپختونخواہ پولیس نے عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالب علموں کو آئس نشہ فروخت کرنے والے ملازمین کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مردان پولیس نے یونیورسٹی میں آئس اور منشیات سپلائی کرنے والے گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کیا، حراست میں لیے جانے والے ملزمان میں عبدالولی خان یونیورسٹی کے ملازمین بھی شامل ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق ملزمان کو یونیورسٹی کے مین کیمپس کے مرکزی دروازے سے ثبوت کے ساتھ گرفتار کیا گیا، اُن کے قبضے سے 700 گرام آئس اور 3 کلو چرس برآمد ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد میں یونیورسٹی کا مالی، سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور بھی شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور گاڑی بھی برآمد ہوئی۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل وزیر برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ جامعات میں نشہ عام ہوگیا اور طالب علم تیزی سے آئس سمیت خطرناک نشے کی طرف جارہے ہیں۔