مارگلہ ٹریلز پر خاتون سے زیادتی، پولیس کا مدعیہ اور ملزم سے متعلق اہم انکشاف

مارگلہ ٹریلز پر خاتون سے زیادتی، پولیس کا مدعیہ اور ملزم سے متعلق اہم انکشاف

اسلام آباد پولیس نے مارگلہ ٹریلز پر جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی متاثرہ خاتون اور ملزم میں دوستی کا انکشاف کر دیا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ مارگلہ ٹریل تھری زیادتی واقعے کی تفتیش میرٹ پر کی جا رہی ہے تاہم مدعیہ کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس نے انکشاف کیا کہ مدعیہ اور ملزم کے درمیان دوستی تھی، مدعیہ پولیس سے تعاون نہیں کر رہیں اور ملزم کی تفصیلات بھی نہیں دیں۔

ترجمان کے مطابق مارگلہ ٹریلز محفوظ ہیں جن کی ڈرون سے بھی نگرانی کی جاتی ہے، واقعے کی جگہ کا تعین کیا جا رہا ہے اور تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ مارگلہ کی ٹریل تھری پر خاتون کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کا مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون شیخوپورہ کے نواحی علاقے کی رہائشی ہے، ان کا نعمان نامی شخص سے رابطہ ہوا جس نے نوکری کا جھانسہ دے کر راولپنڈی بلایا۔

متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم نے نوکری دلوانے کے بہانے 80 ہزار روپے بھی وصول کیے، ملزم سیر کے بہانے موٹر سائیکل پر بیٹھا کے مجھے ٹریل تھری پر لے گیا، ملزم نے ٹریل تھری کے جنگل میں گن پوائنٹ پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، میرے شور مچانے پر جان سے مار دینے کی دھمکی دی۔

پولیس نے زیادتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔