فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی انتہائی خفیہ ای میل لیک ہوگئی

فیس بک

دنیا بھر میں مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی انتہائی خفیہ ای میل سالوں بعد لیک ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سی ای او فیس بک مارک زکربرگ نے 2010ء میں اپنے ملازمین کو ایک ای میل کی تھی جو اب منظر عام پر آ چکی ہے۔

ای میل میں ملازمین پر کمپنی کے منصوبوں کے بارے میں غلط معلومات لیک کرنے کا الزام عائد کیا گیا اور ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ تمام لوگ رضاکارانہ طور پر استعفے دیں۔

دراصل مارک زکربرگ ٹیک کرنچ نامی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک خبر پر کافی ناراض تھے جس میں لکھا تھا کہ فیس بک خفیہ طور پر ایک فون بنا رہا ہے۔

ای میل کے شروع میں لکھا گیا کہ ’یہ انتہائی خفیہ پیغام ہے۔ اسے کہیں شیئر مت کریں۔‘

کمپنی کے مالک آگے لکھتے ہیں کہ آپ سب نے ٹیک کرنچ کی خبر دیکھی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ فیس بک موبائل فون بنا رہا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے کہ ہم ایسا کچھ نہیں کر رہے۔ دراصل ہم تمام فونز اور ایپس کو مزید سوشل بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

زکربرگ نے اس پر کہا کہ معلومات لیک ہونا کمپنی سے شنگین غداری ہے، جس نے بھی یہ کیا ہے وہ فوری طور پر اپنا استعفیٰ پیش کرے۔