مارولز کی کمائی نے ہالی وڈ کو حیرانی میں مبتلا کردیا ہے، نارتھ امریکن باکس آفس پر پہلے ویک اینڈ کے دوران فلم کی کمائی نہایت کم رہی۔
بری لارسن کی فلم اتوار کے آخر تک ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرنے جارہی ہے، جس کا مارول سیریز کی فلم نے اب تک مشاہدہ نہیں کیا۔ اگرچہ ابتدائی تخمینہ یہی لگایا گیا تھا کہ فلم زیادہ کمائی نہیں کرپائے گی مگر کسی نے یہ بھی نہیں سوچا تھا کہ یہ ’دی انکریڈیبل ہلک‘ سے پیچھے رہے گی۔
نیا ڈیکوسٹا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ سپر ہیرو فلم 2019 کی کیپٹن مارول کا سیکوئل ہے۔ کیپٹن مارول ایک بلاک بسٹر فلم تھی جس نے عالمی باکس آفس پر1.13 بلین امریکی ڈالر کی کمائی کی تھی۔
نئی ریلیز ہونے والی فلم سے توقعات بہت زیادہ ہیں۔ یقیناً اداکاروں کی ہڑتال کی وجہ سے بھی فلم کی پروموشنز پر اثر پڑا اور پھر یہ ایم سی یو فلم ریلیز کرنے کا صحیح وقت بھی نہیں تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مارولز نے شمالی امریکا کے باکس آفس پر افتتاحی ویک اینڈ کا مایوس کن آغاز کیا ہے۔ جمعرات کی رات تک فلم نے تقریباً 6.5 ملین ڈالر کمانے تھے۔ اتوار کے آخر تک فلم 47 سے 55 ملین ڈالر تک کما پائے گی۔
مارولز جیسی فلم کا اتنی کم کمائی کرنا واقعی چونکا دینے والا ہے کیونکہ مجموعی طور پر فلم کی زیادہ کمائی کی توقع کی جارہی تھی۔ مارولز ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرے گی کیونکہ یہ مارول سینمیٹک یونیورس کی تاریخ میں سب سے کم افتتاحی کمائی والی فلم بن جائیگی۔
اب تک، 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم دی انکریڈیبل ہلک نے افتتاحی ویک اینڈ پر 55.4 ملین ڈالر کی کم ترین کمائی کی تھی۔ اب لگتا ہے کہ بری لارسن کی فلم یہ مایوس کن ریکارڈ اپنے نام کرے گی۔
واضح رہے 10 نومبر کو ریلیز ہونے والی مارولز کو اب تک ملے جلے تاثرات کا سامنا ہے۔ بہت سے لوگ ایمان ویلانی کی کارکردگی کی تعریف کر رہے ہیں لیکن فلم کو مثبت پذیرارئی نہیں مل رہی۔