مریم اورنگزیب کا تیل کے ذخائر نہ ملنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

لاہور: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سمندر میں تیل کا ذخیرہ نہ ملنے پر انھیں سخت دلی رنج اور افسوس ہوا۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے تیل کے ذخائر نہ ملنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، کہا دلی رنج اور افسوس ہوا کہ تیل کا ذخیرہ نہیں مل سکا۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ معیشت اور اچھے مستقبل کے خواب اس منصوبے سے جڑے تھے، نواز شریف نے جس منصوبے پر ہاتھ رکھا، اللہ کی برکت سے پورا ہوا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے دور میں یہ منصوبہ شروع کیا تھا، جھوٹ بولنے والے کو اللہ کبھی کام یابی نہیں دیتا، اس جھوٹ کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کیکڑا ون میں تیل اور گیس، مزید 55 میٹر کھدائی کی جائے گی

انھوں نے کہا کہ جھوٹوں کے آنے سے ملک سے برکت اٹھ گئی ہے، جب سے ان کے آنے کی خبر آئی ہے کوئی اچھی خبر نہیں آئی۔

واضح رہے کہ وزارت پٹرولیم نے کیکڑا ون میں تیل اور گیس نہ ملنے کی تصدیق کر دی ہے تاہم ترجمان نے کہا ہے کہ ابھی 55 میٹر مزید کھدائی کی جائے گی۔

ترجمان وزارت پٹرولیم نے کہا کہ کیکڑا ون میں موجود ذخائر میں پانی کا تناسب زیادہ ہے، ہائیڈرو کاربن کا مطلوبہ ذخیرہ نہ مل سکا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ کنوئیں کی گہرائی 5634 میٹر ہے، مزید پچپن میٹر کھدائی کر کے دیکھا جائے گا اس کے بعد کنواں بند کر دیں گے۔