اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وائٹ، پیلے یا لال پیپر سے تمہاری نالائقی اور آئین شکنی سفید نہیں ہوگی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’ہم نے تمہاری لائی ہوئی معاشی تباہی اور بربادی سے قوم کو بچایا۔ 4 سال معیشت تباہ، نوجوان بے روزگار اور ملک غریب کرنے والا ہم سے سوال پوچھ رہا ہے۔ 4 سال مہنگائی کرنے والا ایک سال کی کارکردگی پر سوال اٹھا رہا ہے۔ ملک کو دیوالیہ کی نہج پر پہنچانے والا بچانے والوں پر وائٹ پیپر چھاپ رہا ہے۔’
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر کو بہت دھیان سے پڑھا، اس میں بجلی کا گردشی قرضہ 1100 ارب سے 2400 ارب کرنے کا ذکر نہیں، گیس کا گردشی قرضہ صفر سے 1400 ارب کرنے کا ذکر نہیں، آٹا 35 سے 100 روپے، چینی 52 سے 120 روپے کرنے کا ذکر نہیں، بجلی فی یونٹ 11 سے 25 روپے، گیس 600 سے 1400 روپے کرنے کا ذکر نہیں، ملک پر صرف 4 سال میں قرض 44 ہزار ارب کرنے کا ذکر نہیں، 4 سال میں 20 ہزار ارب کا تاریخی قرض لینے کا ذکر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک سال میں تمہارے لیے گئے قرض کے 11 ارب ڈالر واپس کیے، وائٹ پیپر میں 4 سال میں پاکستان کی تاریخ کے 4 بدترین بجٹ خساروں کا ذکر نہیں، 4 سال میں ہر دوست ملک کو ناراض کرنے کا ذکر نہیں، 4 سال میں 2 کروڑ افراد غربت کے جہنم میں پھینکنے اور 60 لاکھ بے روزگار کرنے کا ذکر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دنیا کا تیسرا مہنگا ترین ملک بنانے والے کو وائٹ پیپر پر شرم آنی چاہیے، پیپر میں خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی، ہیرے اور انگوٹھیوں کی تصاویر بھی شائع کرنی تھیں۔