مریم نفیس بھی اعظم خان کے حق میں بول پڑیں

مریم نفیس

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مریم نفیس بھی قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹر اعظم خان کے حق میں بول پڑیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری میں اداکارہ مریم نفیس نے اعظم خان کی تصویر ان پر جرمانہ عائد ہونے کی خبر کے ساتھ شیئر کی اور کھلاڑی پر فخر کا اظہار کیا۔

انہوں نے انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ’پوری دنیا فلسطین کے حق میں کھڑی ہے لیکن ہم مسلسل منافقت میں جی رہے ہیں، ہم اسرائیل کو تسلیم تو نہیں کرتے لیکن المیہ یہ ہے کہ ہم اپنے لوگوں کو حق کا ساتھ دینے بھی نہیں دیتے۔‘

مریم نفیس نے اعظم خان کو ٹیگ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ مجھے آپ کی اخلاقیات اور فلسطینیوں کے لیے ہمدردی پر فخر ہے۔

اداکارہ کی جانب سے کھلاڑی کے دفاع میں شیئر کی گئی انسٹا اسٹوری سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں کرکٹر اعظم خان نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2023 کے دوران اپنے بیٹ پر فلسطین کے جھنڈے کا اسٹیکر لگا کر بیٹنگ کی تھی جس کی وجہ سے پی سی بی نے ان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا جسے آج ختم کردیا گیا ہے۔