وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میں آئی جی پنجاب اور ان کی فورس کے پیچھے کھڑی ہوں وہ وقت دور نہیں جب ہم پولیس پر لگے داغ دھوئیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب سے رابطے میں رہتی ہوں۔ وہ پولیس فورس میں جو تبدیلیاں لے کر آ رہے ہیں، ان کو سپورٹ کرتی ہوں۔ پولیس کے وسائل میں کمی نہیں آئے گی اور انہیں جس سہولت کی ضرورت ہوگی وہ فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ پولیس فورس میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی شمولیت پر خوشی اور ان کا پولیس فورس کا حصہ ہونا باعث فخر ہے۔ قوم کے ہر بیٹے کی جان میرے لیے قیمتی ہے۔ یہ وردی آپ کیلیے ایک امتحان بھی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایلیٹ فورس کی وردی پہن کر آپ کے سامنے کھڑے ہوکر خوشی ہو رہی ہے۔ میں روز وردی پہن کر نہیں نکلتی، لیکن جب گھر سے نکلتی ہوں تو اپنے کندھوں پر ذمے داری کا احساس ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ ہونیوالے 800 میں سے 70 خواتین بھی شامل ہیں۔ تمام جوانوں نے 6 ماہ کا سخت ایلیٹ کورس پورا کیا، میں تمام نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ اس وقت ایلیٹ فورس کے 17 ہزار اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/maryam-nawaz-also-wore-the-uniform-of-elite-force-punjab/
مریم نواز نے کہا کہ عظیم مائیں اپنے بچوں کو اس مٹی پر قربان ہونے کیلیے میدان میں اتار دیتی ہیں۔ میرے دائیں اور بائیں شہدا کی تصاویر ہیں، میں جوانوں کی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔