مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اُن کو شرم آنی چاہیے جو کہتے ہیں نواز شریف کو فیور مل رہا ہے، ان کو تو 7 سال بعد بھی رینگ رینگ کر انصاف مل رہا ہے۔
جلالپور جٹاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی اور دشمنوں کا کہا تھا کہ وہ تاریخ کا حصہ بن گیا ہے، پاکستان کی کون سی ایسی جیل ہے جس میں نواز شریف نہیں گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے گروہ نے 21 اکتوبر کو ٹی وی پر ان کا استقبال دیکھا ہوگا کہ کس شان سے وہ آیا، جب فیصلہ عوام کے ہاتھ میں آیا تو نواز شریف کے حق میں فیصلہ آیا۔
متعلقہ: ’چاہتے ہیں بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں تو مریم نواز کابینہ کا حصہ ہوں‘
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عدالتوں کے چکر کاٹے اور آج بھی کاٹ رہا ہے، جھوٹے مقدموں کو ختم کرتے کرتے 7 سال ہوگئے، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر جیل میں ڈال دیا لیکن اس نے قانون کا سہارا نہیں لیا، ان کے خلاف کوئی ایک ثبوت نہ لا سکے۔
بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایک شخص جیل میں بیٹھ کر اپنے اعمال کی سزا بھگت رہا ہے، جو آج اڈیالہ جیل بیٹھا ہے وہ نواز شریف کو چور کہا کرتا تھا، نواز شریف کو چور کہنے والے نے تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی، نواز شریف 3 بار وزیر اعظم بنے کسی چوری کا الزام نہیں لیکن وہ ایک بار وزیر اعظم بنا اور چوری ڈکیتی کی تاریخ رقم کی۔
مریم نواز نے کہا کہ جو جیل میں بیٹھا ہے اس سے حساب مانگا تو پلاسٹر باندھ کے آگیا، اس نے سزا سے بچنے کیلیے 9 مئی کیا اور ملک کے کونے کونے پر آگ لگائی، جب حساب دینا تھا تو ویئل چیئر پر عدالت آگیا تھا۔