’مریم نواز کی ہدایات پر بشریٰ بی بی کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے‘ بیرسٹر سیف

بشریٰ بی بی کے سیل میں چوہوں کی موجودگی، بہن کا الزام

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر بشریٰ بی بی کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

بیرسٹر سیف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عام قیدیوں جیسی سہولتوں سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے، بشریٰ بی بی پر سختیاں مزید بڑھا دی گئی ہیں اور ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔

مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ مریم نواز اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل خود بھی برداشت کر سکیں، بشریٰ بی بی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وفاداری کی سزا دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’بشریٰ بی بی عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان بلانا چاہتی ہیں لیکن جمائمہ نے منع کر دیا‘

انہوں نے کہا کہ یاسمین راشد قید میں کینسر جیسے موذی مرض سے نبرد آزما ہیں، ان کو آکسیجن جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے، ظلم و بربریت کے باوجود بشریٰ بی بی سمیت تمام پی ٹی آئی خواتین ڈٹ کر کھڑی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا پی ٹی آئی خواتین کو توڑنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، وزیر اعلیٰ پنجاب ذاتی بغض میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔

29 اپریل 2025 کو ایڈووکیٹ جنرل آفس نے سابق خاتون اوّل کو اڈیالہ جیل میں میسر سہولیات کی جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلیے دائر درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر ملزمہ کی جانب سے وکیل عثمان گل اور ظہیر عباس پیش ہوئے۔

ایڈووکیٹ جنرل آفس کی جانب سے میسر سہولیات سے متعلق جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں الگ کشادہ کمرے میں رکھا گیا ہے اور ان کا دن میں دو بار طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سابق خاتون اوّل کو میٹرس، کرسی، ٹیبل اور کتابوں کی الماری بھی فراہم کی گئی ہے، ان کے کمرے میں لائٹ اور پنکھے کا انتظام بھی موجود ہے جبکہ موسم گرما میں روم کولر فراہم کیا گیا ہے۔

اس میں بتایا گیا کہ عمران خان کی اہلیہ کو جیل میں ایل سی ڈی کی سہولت بھی دی گئی ہے، ان کو جیل میں علیحدہ کچن کی صورت میں ککنگ کی سہولت بھی دی گئی، کھانے کا پہلے میڈیکل آفیسر معائنہ کرتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل سہولیات سے متعلق رپورٹ وکیل درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ رپورٹ دیکھ لیں آئندہ سماعت پر اپنا مؤقف پیش کریں، کیس کی آئندہ سماعت روسٹر کے مطابق جاری کر دی جائے گی۔