لاہور : وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ معروف بھارتی تاجر سجن جندال خاندانی دوست ہیں ان سے ملاقات خفیہ نہیں تھی اس لیے متنازع بیانات سے گریز کیا جائے۔
وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے اسٹیل انڈسٹری کے معروف بھارتی تاجر سجن جندال سے اپنے والد کی ملاقات کی تصدیق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تحریر کردہ اپنے ایک پیغام میں کہی۔
Mr. Jindal is an old friend of the Prime Minister. Nothing ‘secret’ about the meeting & should not be blown out of proportion. Thank you.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 27, 2017
اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز نے موقف اختیار کیا کہ سجن جندال وزیر اعظم نواز شریف کے پرانے دوست ہیں جن سے خاندانی مراسم بھی قائم ہیں اور آج ہونے والی ملاقات خفیہ نہیں ہے اور اس ملاقات سے متعلق خبریں مبالغہ آرائی پر مبنی ہیں جن سے گریز کرنا چاہیے۔
واضح رہے لوہے کی صنعت کے ٹائیکون معروف بھارتی تاجر سجن جندال اور وزیراعظم نواز شریف کی درمیان ملاقات کی سب سے پہلے خبر اے آروائی نیوز نے دی تھی جس کی تصدیق مریم نواز کی ٹوئٹ سے بھی ہوگئی ہے۔
پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کی مذمتی قراردادیں جمع
دوسری جانب بھارتی تاجر سے وزیراعظم کی دو بدو خفیہ ملاقات پر پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ میں تحریک التواء جمع کرادی گئی ہے تو پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں بھی قراردادیں جمع کرادی ہیں جس میں شدید تحفظات اٹھاتے ہوئے ملاقات کی ضرورت اور تفصیلات سے قوم کو آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔