مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پہلے پورا ملک جلا دیا اور پھر مذمت کرتا ہے، ایسے مذمت کرنے والے کی مرمت ہونی چاہیے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایک فتنے نے ملکی سالمیت اور معاشرے کے اقتدار پر حملہ کیا جو دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا، فارن فنڈنگ اس فتنے کو متعدد ممالک سے ہوئی ہے جو
پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پلاننگ کر کے 9 مئی کو حملے کیے گئے، جس دن سے انہوں نے حملے کیے اس دن سے ان کا زوال شروع ہوگیا، جب آپ سے حساب مانگا گیا تو آپ نے پورے ملک میں آگ لگا دی، عمران خان نے نواز شریف اور دیگر پر جھوٹے الزامات لگائے، عمران خان الزامات کا ایک بھی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے انتقام اور جھوٹے الزامات کی وجہ سے لوگوں اذیت ملی، ہماری حکومت نے پی ٹی آئی اور عمران خان مقدمات نہیں بنائے، عمران خان نے سیاست میں مذہب کارڈ استعمال کرنے کا گھناؤنا کھیل کھیلا، جو کچھ عمران خان کے ساتھ ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا عمران خان جانتے ہیں ریاست مدینہ کیا تھی اور اس میں کیا نظام رائج تھا؟ عمران خان کو ملک دشمنوں نے فنڈنگ کی، اس نے 60 ارب روپے کی کرپشن کی، القادر ٹرسٹ کیسے وجود میں آیا عمران خان بتائیں۔