’مریم نواز سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لیں‘

مریم نواز کو علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لینے کا مشورہ، بیرسٹر سیف

پشاور (30 اگست 2025): مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لینے کا مشورہ دے دیا۔

ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف عملی کارروائی کریں، اثاثے منجمد کر کے عوام کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ مریم نواز علی امین گنڈاپور سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی ٹیوشن لیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’مریم نواز عوامی خدمت علی امین گنڈاپور سے سیکھیں‘

یاد رہے کہ جولائی 2025 میں بھی بیرسٹر سیف نے مریم نواز کو ترقیاتی کاموں کیلیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لینے کا مشورہ دیا تھا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مریم نواز ترقیاتی کاموں کیلیے علی امین گنڈاپور سے ٹیوشن لیں۔ پنجاب میں ہونے والی بارشوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لاہور ایک بار پھر پانی میں ڈوبا ہوا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب پر تنقید کرنا بھی اب جرم بن چکا ہے۔

بیرسٹر سیف نے مشورہ دیا تھا کہ زبردستی نعرے لگوانے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں، علی امین گنڈاپور اور کابینہ نے دورہ لاہور میں سڑکوں کی حالت زار دیکھی، تعفن اور بدبو کے باعث سڑکوں پر سانس لینا بھی دشوار ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں کی بارش نے مریم نواز کے پیرس کا پول کھول دیا ہے، اقتدار میں کئی بار آنے کے باوجود لاہور کی حالت آج بھی ابتر ہے۔