لاہور (24 جولائی 2025): سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز جیل ریفارمز ایجنڈا کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کی زیرِ صدارت اجلاس میں جیلوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں آئی جی جیل خانہ جات، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن و دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ریجنل ڈی آئی جیز اور سپرنٹنڈنٹس جیلز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں کیلیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں، پنجاب بھر میں 34 جاری اور 4 نئی ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے، منصوبوں کی مجموعی لاگت 28 ارب ہے اور 9 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’مریم نواز پنجاب کے عوام کے 10 کھرب روپے ڈکار گئی ہیں‘
بتایا گیا کہ قیدیوں کو سہولیات، نئی بیرکس، اسپتال اور کچن ایریاز پر کام جاری ہے، جیلوں میں ملاقات کیلیے جدید شیڈز تعمیر کیے جا رہے ہیں، پریزن کمپلیکس کیلیے 6 ارب روپے کا تخمینہ اور 10 ہزار قیدیوں کی گنجائش ہوگی۔ سیالکوٹ میں نئی ضلعی جیل کی تعمیر 4.8 ارب روپے کی لاگت سے ہوگی اور 2 ہزار قیدیوں کی گنجائش ہوگی۔
جیل اصلاحات اور سہولیات کے منصوبوں پر 3.5 ارب کی لاگت سے کام جاری ہے، تمام سپرنٹنڈنٹس سے کام کی رفتار اور معیار پر بریفنگ لی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز جیل ریفارمز ایجنڈا کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس میں بتایا کہ ترقیاتی منصوبے 100 فیصد میرٹ پر مکمل کیے جائیں، نفرت جرم سے اور مجرم سے نہیں کے اصول پر کاربند رہیں۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ مون سون میں ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات یقینی بنائیں، ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھائیں ورکنگ میں بہتری لائیں، جیل اصلاحات پالیسی پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔