بورے والا: مسلم لیگ (ن) چیف آرگنائزر مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں نواز شریف پر تنقید کرنے والے جہاں سے آئے ہیں وہاں کے اسکولوں میں مویشی بندھے ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج کل مخالف جماعتیں پنجاب آ کر ووٹ مانگ رہی ہیں مگر جلسہ کرنے کیلیے انہیں مشکل پیش آتی ہے، جہاں جلسہ کرتے ہیں (ن) لیگ اور نواز شریف پر تنقید کرتے ہیں، جس جگہ وہ تنقید کرتے ہیں وہاں دائیں بائیں (ن) لیگ کے منصوبے نظر آتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کل جب اورنج ٹرین سامنے سے گزری تو میں نے کہا وہ دیکھو نواز شریف کا منشور جا رہا ہے، آج بورے والا کے سامنے نواز شریف اور (ن) لیگ کی کارکردگی پیش کرنے کی ضرورت نہیں، پورے پنجاب اور پاکستان میں ہر قابل تعریف منصوبے پر ان کا نام لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور (ن) لیگ وہ جماعت ہے جس نے آپ کی حقیقی خدمت کی ہے، باقی سیاسی جماعتوں نے جنوبی پنجاب میں صرف سیاست کی ہے، پورے پاکستان میں کوئی لیڈر ہے جسے دن رات آپ کی فکر ہے تو وہ نواز شریف ہے، باقی جماعتوں نے جنوبی پنجاب کو اپنی سیاست کیلیے رکھا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ واحد ہے جس نے حقیقی معنوں میں جنوبی پنجاب کی خدمت کی، سب جانتے ہیں ملتان میٹرو کس نے بنائی، نواز شریف نے نہیں دیکھا یہ پنجاب کا کون سا حصہ ہے خدمت کی تو برابر کی، آج نظر گھمائیں تو 2013 کے جنوبی پنجاب کا 2017 سے مقابلہ کرو آپ کو نظر آئے گا جنوبی پنجاب کی نواز شریف اور شہباز شریف نے خدمت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ عثمان بزدار سے کسی نے پوچھا آپ کون ہیں تو کہتے تھے میں وزیر اعلیٰ ہوں، عثمان بزدار لوگوں سے کہتا تھا میں پنجاب کا شہباز شریف لگا ہوا ہوں۔