مریم نواز نواز شریف سے ملاقات کے لیے دبئی روانہ

مریم نواز

لاہور : مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدرمریم نواز دبئی روانہ ہوگئیں ، جہاں وہ اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے بعد حج کے لیے روانہ ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نجی دورے پردبئی روانہ ہوگئیں، فیملی کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ ہیں، نوازشریف پہلےہی دبئی پہنچ چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی رہنما مریم نواز دبئی میں ایک دن قیام کے بعد حج کے لیے روانہ ہوں گی، وہ فریضہ حج کی ادائیگی اپنے فیملی ممبران کے ساتھ کریں گی۔

حج کی ادائیگی کے بعد مریم نواز اپنے والد کے ہمراہ لندن روانہ ہوں گی، جہاں آئندہ انتخابات اور اتحادیوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے ملاقاتیں ہوں گی۔

یاد رہے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے دبئی روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی ، ملاقات ڈھائی گھنٹے جاری رہی ، جس میں پاکستان کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔