وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر میو اسپتال کو ادویات خریداری کیلیے فنڈز جاری

مریم نواز کی ہدایت پر میو اسپتال کو ادویات خریداری کیلیے فنڈز جاری

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر میو اسپتال کو ادویات خریداری کیلیے 340 ملین روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے۔

میو اسپتال میں پے اینڈ الاؤنس فنڈز ادویات خریداری کیلیے استعمال کی اجازت دی گئی، فنانس ڈپارٹمنٹ نے فنڈز ازسرنو مختص کرنے کا حکم نامہ بھی جاری کیا، بجٹ میں اضافی فنڈز میسر ہونے کے باوجود استعمال میں نہیں لائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے ایم ایس میو اسپتال کو عہدے سے ہٹا دیا

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کی میو اسپتال آمد کے موقع پر مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیے تھے جس پر مریم نواز شدید برہم ہوئیں اور انہوں نے انتظامیہ کی سخت سرزنش کی اور ایم ایس کو عہدے سے فوری ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

مریم نواز نے ایم ایس کو جھاڑ بھی پلائی اور کہا کہ آپ ایم ایس ہیں آپ کو تو کچھ پتا نہیں، آپ کو یہاں کس نے رکھا ہے؟ شکریہ ادا کریں میں آپ کو گرفتار نہیں کروا رہی، آپ کو پتا ہی نہیں کہ مریضوں کے ساتھ ہو کیا رہا ہے؟

انہوں نے کہا تھا کہ مخلوق رل رہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، اسپتال کے حالات بہت برے ہیں، لوگ اسپتال میں علاج کی توقع اور امید لے کر آتے ہیں لیکن کس وارڈ میں کیا ہو رہا ہے، اسپتال انتظامیہ کو علم ہی نہیں۔

انہوں نے میڈیسن کے واجبات کی ادائیگی کیلیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ ادویات کی 100 فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مریم نواز نے سیکریٹری ہیلتھ کو ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی کی ہدایت بھی کی تھی۔