ننکانہ صاحب: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شیر پر اتنے ٹھپے لگانا کہ نواز شریف کو کسی بیساکھی کی ضرورت نہ رہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج نواز شریف واپس آگیا ہے اب پتا چلے گا کہ مقبولیت کس کو کہتے ہیں، دل سے دعا ہے اللہ شیر کو ننکانہ صاحب میں زبردست فتح نصیب کرے، آپ لوگوں کو دیکھ کر لگ رہا ہے ننکانہ صاحب سے شیر جیت گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو میدان سے باہر کر کے گلیوں میں مرزا یار پھر رہا تھا، نواز شریف مقابلے میں تھا ہی نہیں تو کونسی مقبولیت؟ نواز شریف کو آپ نے سازش کر کے باہر نکالا تھا، آپ کو نواز شریف نے باہر نہیں نکالا آپ خود باہر نکلے ہو۔
متعلقہ: میں امپورٹڈ نہیں مقامی وزیر اعظم تھا اور یہ ناکامی وزیر اعظم تھا، نواز شریف
انہوں نے کہا کہ ہم 9 مئی والے لوگ نہیں ہم 28 مئی والے لوگ ہیں، وہ پاکستان کو تباہ کرنے کی سازش کرنے والے اور ہم پاکستان بنانے والے لوگ ہیں، ہمارا مقابلہ کسی شخص سے نہیں مہنگائی سے ہے، وعدہ کرتی ہوں نواز شریف کو خدمت کا موقع دیں آپ کے مسائل حل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کل ایک بات چل رہی ہے نواز شریف لاڈلہ ہے، میں کہتی ہوں نواز شریف عوام کا لاڈلہ ہے، نکالنے والوں نے بار بار نکالا آپ بار بار ووٹ دے کر نواز شریف کو واپس لے کر آئے، آپ کا درد رکھنے والا پاکستان میں واحد لیڈر نواز شریف ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ صحیح معنوں میں میڈ ان پاکستان لیڈر ہے تو نواز شریف ہے، آپ کی خدمت اور تکلیفیں نواز شریف نے دور کرنی ہیں تو ووٹ بھی دینا، آپ نے گھروں سے نکل کر شیر پر ٹھپہ لگانا اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔