ستلج، راوی اور چناب میں توقع سے زیادہ پانی آیا، مریم نواز

مریم نواز پنجاب سیلاب

گوجرانوالہ (28 اگست 2025): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ستلج، راوی اور چناب میں توقع سے زیادہ پانی آیا، اور نکاسی نہ ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے ویڈیو لنک پر خطاب میں صوبے بھر میں سیلاب کے دوران بروقت اقدامات پر انتظامیہ اور ریسکیو کو شاباش دی، اور سیلاب کے دوران جانی نقصانات پر اظہار افسوس کیا، انھوں نے سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کو مکمل کر کے جلد بحال کرنے اور شہروں اور دیہات کے درمیان منقطع رابطے عارضی طور پر فوری بحال کرنے کی ہدایت کی۔

مریم نواز نے کہا اللہ سب کو محفوظ رکھے مگر اپنی تیاری مکمل ہونی چاہیے، لاہور میں سیلابی صورت حال کے پیش نظر بروقت انخلا یقینی بنایا جائے، سارے وسائل ریسکیو اور ریلیف کے لیے مختص کیے جائیں، انھوں نے کہا ریسکیو اہلکاروں نے جان پر کھیل کر لوگوں کو بچایا، ان کو 50 ہزار روپے انعام کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

پنجاب میں دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال

وزیر اعلیٰ نے کہا 4 دہائیوں بعد پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید سیلاب دیکھنے میں آیا ہے، مون سون میں غیر متوقع بارشیں ہوئیں، کئی علاقوں میں مسلسل بارش برستی رہی، عوام کو سیلاب کی آمد سے قبل بروقت انخلا پر آمادہ کیا جائے، لوگوں کو لاؤڈ اسپیکر اور مساجد میں اعلانات کر کے پانی کی آمد سے پہلے مطلع کیا جائے، ہنگامی صورت حال میں لوگ گھبراہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے جانی نقصان ہوتا ہے، ہر ضلع میں انسانی وسائل کا استعمال ڈی سی کی ذمہ داری ہے۔