نواز شریف کی قربانیاں جتنی سخت ہیں، پھل بھی اتنا ہی میٹھا ہوگا: مریم نواز

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف جرم کی نہیں، عوام کی آواز بننے کی سزابھگت رہے ہیں.

ان خیالات کا اظہار مریم نواز نے اپنے ایک ٹویٹ میں کیا. ان کہنا تھا کہ نواز شریف کی قربانیاں جتنی سخت ہیں، ان کا پھل بھی اتنا ہی میٹھا ہوگا.

مریم نواز نے مزید لکھا کہ یہ پھل قوم کی آنے والی نسلوں کے لئے ہے، یہ جدوجہد آپ کے لئے ہے. مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نوازشریف انشااللہ آپ کا سر جھکنےنہیں دیں گے.

خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے 6 ہفتوں کی ضمانت میں مزید توسیع کے لیے دائر کی گئی درخواست مسترد کردی ہے.

مزید پڑھیں: نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد، گرفتاری دینا ہوگی

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیرون ملک علاج اور ضامنت میں توسیع سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ضمانت میں توسیع کی ضرورت ہو تو ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ یہ بات سپریم کورٹ نے زبانی حکم میں کہی تھی، تحریری فیصلے میں ایسی بات نہیں ہے۔