پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پارٹی بیانیے کو عوام تک پہنچائیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی کی ضلع اسلام آباد کی مرکزی تنظیم کا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے رہنماؤں کو اسلام آباد میں ممبر سازی شروع کرنے اور عوام تک پارٹی بیانیہ پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبعلموں، خواتین، شہریوں کو ن لیگ کی جانب راغب کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ یوتھ کو پارٹی میں شامل کیا جائے۔ یونیورسٹیز میں طالبعلموں کو ممبر بنایا جائے۔ ہر یونیورسٹی، کالج میں جائیں اور طالبعلموں کو پارٹی میں شامل کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سینیئر عہدیداران پارٹی کے سفیر بنیں اور ممبر سازی شروع کریں۔ لاہور میں یہ کام شروع کیا تو حیران کن نتائج ملے ہیں اور توقع سے بڑا ریسپانس ملا ہے۔
دوسری جانب مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن سوشل میڈیا ونگ کے اجلاس میں سوشل میڈیا کارکنوں نے مریم نواز سے وقت نہ دینے پر گلے شکوے کر ڈالے۔
کارکنوں نے کہا کہ پارٹی کے نوجوان ورکرز آپ سے ملنا چاہتے ہیں مگر ملاقات نہیں ہوتی۔ نجی ریڈیوز پر ن لیگ کے خلاف پروگرامز ہوتے ہیں ان کا مقابلہ کیسے کریں؟
اس موقع پر مریم نواز نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ وہ ان سے رابطے برقرار رکھیں گی۔