مریم نواز کی لاہور کی قیادت کو کارکنو ں کو قانونی مدد فراہم کرنے کی ہدایت

Maryum

لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی لاہور کی قیادت کو کارکنو ں کو قانونی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ثابت ہو گیا وہ مسلم لیگ (ن) سے کس قدر خوفزدہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی میں شرکت کرنے والے لیگی کارکنوں پر مقدمہ درج کرنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے لاہور کی قیادت کو کارکنو ں کو قانونی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ۔

مریم نواز نے کہا کہ ثابت ہو گیا وہ مسلم لیگ (ن) سے کس قدر خوفزدہ ہیں ۔انہوںنے کہا کہ لاہور کی قیادت کارکنوں کی قانونی مدد کرے، اگر کسی کارکن کو مدد کی ضرورت ہو تو و ہ مجھ سے رابطہ کرے ۔

گذشتہ روز نوازشریف کی جیل واپسی پر ریلی نکالنے والے مسلم لیگ ن کے 1500 کارکنان کے خلاف تھانہ کوٹ لکھپت جیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ، جس میں سڑک بند، لاؤڈ اسپیکر استعمال اور ٹرین روکنے کی دفعات شامل کی گئیں ، مقدمہ تھانہ کوٹ لکھپت جیل کے ایس آئی امجد قمر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں : نوازشریف کی جیل واپسی پر ریلی، 1500 لیگی کارکنان کے خلاف مقدمہ درج

یاد رہے کہ نوازشریف کی ضمانتی مدت ختم ہونے کے بعد مسلم لیگ ن نے جاتی امراء سے کوٹ لکھپت پت جیل تک ریلی نکالی تھی اور عدالت سے سزایافتہ مجرم کو جلوس کی صورت میں جیل کے دروازے تک چھوڑا تھا۔

مسلم لیگ ن کی ریلی جس روٹ سے بھی گزری وہاں نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔