آجا تینوں اکھیاں اُڈیکدیاں ۔۔ خوش آمدید نواز شریف ، مریم نواز کا ٹوئٹ

مریم نواز ن لیگ انتخابی مہم

لاہور : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے والد کی پاکستان آمد پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے، اللہ ربّ العزت کی شکر گزار ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 24 سال میں جتنے دکھ اور تکالیف اٹھائیں شاید ہی کوئی مثال ہو، نوازشریف کے کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شائد کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں، پاکستان آج نواز شریف کاایک اورعروج دیکھنےجا رہا ہے، ان شااللہ ، آ جا تینوں اکھیاں اُڈیکدیاں ۔۔ خوش آمدید نواز شریف۔

خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپس پہنچ گئے اور اسلام آباد ائیرپورٹ پر خصوصی طیارہ دبئی سے پاکستان لینڈ کرگیا۔

نواز شریف اسلام آباد ایئرپورٹ پر کچھ دیر قیام کے بعد لاہور روانہ ہوں گے، جہاں آج رات مینارپاکستان پر خطاب کریں گے۔