یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور بے ضابطگیوں کا بھانڈا پھوٹ گیا

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن

اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا، آڈٹ رپورٹ میں ہوشربا حقائق سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں بڑے پیمانے پر کرپشن اور بے ضابطگیوں کا بھانڈا پھوٹ گیا، آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ہری پور میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے 99 لاکھ روپے مالیت کا سامان متعلقہ گارڈز کی غفلت کے باعث چوری ہوا۔

رپورٹ میں کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز نے 16.4 ارب روپے کی غیر معیاری امپورٹڈ گندم خریدی جبکہ 1.6 ارب روپے کا غیر معیاری آٹا عوام کو فروخت کیا گیا۔

مزید یہ کہ جولائی 2023 میں مقامی کے بجائے مہنگی امپورٹڈ گندم خریدنے سے قومی خزانے کو 1.3 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ 73 ہزار ٹن غیر معیاری آٹا فراہم کرنے والی 11 فلور ملوں پر صرف ایک لاکھ 38 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ چند یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین 74 کروڑ روپے کی چوری، فراڈ اور نان ریکوری سمیت دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث پائے گئے۔

سبسڈی کے نام پر عوام کو ریلیف دینے کے بجائے یوٹیلیٹی اسٹورز میں اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ سے بھی مہنگی بیچی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق صارفین سے 17 کروڑ 92 لاکھ روپے اضافی وصول کیے گئے اور سستا آٹا فراہم کرنے کے بجائے مہنگا بیچا گیا۔