داسو ڈیم حملے کے ماسٹر مائنڈ 2 دہشت گرد فرار ہونے کی کوشش میں مارے گئے

داسو ڈیم حملے

ساہیوال : داسو ڈیم حملے کے ماسٹر مائنڈ دو دہشت گرد فرار کی کوشش میں مارے گئے، دہشت گرد محمد حسین اور ایاز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق داسو ڈیم حملے میں ملوث دہشت گردوں کی ساہیوال جیل سے منتقلی کے دوران حملہ ہوا، سی ٹی ڈی نے بتایا اس دوران حملے کے ماسٹر مائنڈ دو دہشت گرد فرار کی کوشش میں مارے گئے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کا کہنا تھا کہ تھریٹ الرٹ پر دہشت گردوں کو جیل سے منتقل کیا جا رہا تھا کہ نامعلوم دہشت گردوں نے ساتھیوں کو چھڑوانے کی کوشش کی، دہشت گرد محمد حسین اور ایاز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ساہیوال سمندری روڈ کے قریب پیش آیا تاہم سی ٹی ڈی اور ضلع پولیس کے اہلکار فائرنگ کے دوران بال بال بچ گئے۔

سی ٹی ڈی نے کہا کہ گرفتار پانچ دہشت گردوں کی منتقلی کے دوران حملہ ہوا، گرفتار تین دہشت گرد الگ جیل وین میں ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے، حملے میں ملوث دہشت گردوں کو عدالت سزائے موت سنا چکی تھی۔