کراچی: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عالم اسلام کے تمام حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سویڈن سے احتجاجاً اپنا سفیر کو واپس بلا لیں۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی مسلمانوں کیلیے قابل قبول نہیں، ہم تمام انبیائے کرام اور آسمانی کتابوں کا احترام کرتے ہیں، مسلمان قرآن پاک کی حفاظت جانتا ہے۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ مسلمان خون کا نذرانہ دے کر قرآن پاک کی حفاظت کریں گے، مغربی دنیا پر واضح کرتے ہیں کہ قرآن کی ناموس پر حملہ برداشت نہیں کریں گے، توہین کا سلسلہ جاری رہا تو ان کا جینا تنگ کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور یورپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ تم نے مسلمانوں کو ختم کرنے کے منصوبے بنائے، اسلام کو ختم کرنے کے منصوبے بنائے جو ان کی تنگ نظری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تم اسلام اور مسلمانوں کو برداشت نہیں کر سکتے مگر اسلام برقرار رہے گا، ہماری بھی کچھ ریڈ لائنز ہیں ہم مزید ایسی حرکتیں برداشت نہیں کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قرآن کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے، نبی ﷺ کی ناموس ہو یا قرآن پر حملہ امت مسلمہ جنگ سمجھتی ہے، امریکا نے نام نہاد دہشتگردی کا نعرہ لگا کر اسلام کو ختم کرنے کی سازش کی۔
انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی توہین سے ان چہروں سے لبرل ازم کا نقاب اتر گیا، مغربی دنیا کچھ بھی کر لے اسلام کو کبھی ختم نہیں کر سکتے، اگر اس طرح کی حرکتیں نہیں رکیں تو بدلہ ضرور لیں گے، اسلامی دنیا نے اپنے سفیر نہ بلائے تو یہ احتجاج ہر ہفتے ہوگا۔