غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا سابق حمکرانوں نے ملک کو تباہ کیا، فضل الرحمان

سانس اور موت کو چھوڑ کر باقی ہر چیز پر ٹیکس ہے، فضل الرحمان

پشاور: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ایجنڈے پر عمل پیرا سابق حمکرانوں نے ملک کو تباہ کیا۔

مرکزی شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سابق حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، گزشتہ 4 سالہ دور میں ملک کی معیشت سے کھلواڑ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے تاریخ کے بلند ترین قرضے حاصل کر کے 75 سالہ ریکارڈ توڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہو چکی ہے، حالات کے مطابق پی ڈی ایم کی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جا سکتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلیے اقدامات کا اعلان کیا۔

اس سے قبل گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کا ایجنڈا پاکستان کو تباہ کرنا تھا، 3 سال میں معیشت کو برباد کر دیا گیا، امریکا مخالف چورن بیچا اور اب ان کی ہی منتیں کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین سمیت دیگر دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، دوست ممالک کو سرمایہ کاری کیلیے اعتماد چاہیے، آپ کا اسٹیٹ بینک آپ کے اختیار میں نہیں ہے، آئی ایم ایف اب ایک مالیتی ادارہ نہیں رہا سیاسی ادارہ بن چکا ہے۔