کراچی: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ خون کے آخری قطرے تک فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عہد کرتے ہیں کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اسرائیل شکست کھا چکا ہے اور اس کا پول کھل چکا ہے، مسلم دنیا سے توقع ہے کہ وہ کوئی عملی اقدام کرے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے اسلامی ممالک مل کر ایک گروپ بنائیں، اپنی سیاسی اور دفاعی حکمت عملی بنائیں، گزشتہ روز کل جماعتی کانفرنس میں کہا پاکستان کوئی عملی اقدامات کرے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکا کہتا ہے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا جائے، انسانیت کا قاتل انسانی حقوق کا علمبردار نہیں بن سکتا۔
فلسطینیوں کی امداد کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے، مفتی تقی عثمانی
دوسری جانب مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ آج سب ایک مقصد کے لیے جمع ہوئے ہیں سب کا مقصد ہے کہ فلسطین اور غزہ کے مجاہدوں کی صف میں کھڑے ہوں، اللہ تعالیٰ نے مجاہدوں کو توفیق عطافرمائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہتوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر بتایا اسرائیل ہمارا کچھ نہیں کرسکتا، ہرمسلمان جہاد میں جس طرح بھی مدد کرسکتا ہے کرے، حکمران بھی خاموش تماشائی نہ بنیں۔
مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ ہم لوگ تو براہ راست جنگ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں لیکن فلسطینیوں کی امداد کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔