دبئی مذاکرات پر مولانا فضل الرحمان کے شکوے ، وزیراعظم کی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

شہباز شریف مولانا فضل

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے انتخابات انعقاد کے معاملے پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو منانے کے لیے لیگی قیادت متحرک ہوگئی ، وزیراعظم شہباز شریف سے ملنے مولانا فضل الرحمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے ، ملاقات میں اسد محمود بھی موجود تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات میں وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان نے سیاسی اور موجودہ صورتحال پر گفتگو کی۔

شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیا جبکہ مولانا فضل الرحمان نےدبئی میٹنگ پر گلے شکوے کئے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

دوسری جانب نوازشریف نے بھی پی ڈی ایم سربراہ کو دبئی مدعو کرلیا ہے، لیگی قائد اب سعودی عرب سے لندن کے بجائے دبئی جائیں گے

ترجمان جے یوآئی ف اسلم غوری کا کہنا ہے کہ دبئی مذاکرات پراعتمادمیں نہ لینےپرتحفظات ہماراحق ہے، جے یو آئی پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد الیکشن کی حامی تھی۔

یاد رہے گذشتہ روز مولانا فضل الرحمان کی حکومت سے ناراضی کی وجہ سامنے آئی تھی، فضل الرحمان اسمبلیوں کی میعاد بڑھانے کے خواہاں ہیں جبکہ آصف زرداری نے اسمبلیوں کی میعاد بڑھانے کی مخالفت کر دی اور آصف زرداری نے نواز شریف کو بھی بر وقت انتخابات پر قائل کر لیا ہے۔

فضل الرحمان نے ایک سال میعاد بڑھانے کی خواہش ظاہر کی تھی اور فضل الرحمان کو ان کے سخت موقف کی وجہ سے دبئی ملاقات کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔