اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نماز جمعہ میں ملک بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے دعاؤں کی اپیل کردی اور کہا اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعا کی جائے کہ قوم کو اس آفت سے نجات ملے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک بھر میں حالیہ سیلابی صورتحال پر قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعہ کے روز ملک بھر کی مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے اور اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعا کی جائے کہ قوم کو اس آفت سے نجات ملے۔
انہوں نے حرمین شریفین میں موجود اہل وطن سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے ملک پاکستان کو خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
جے یو آئی سربراہ نے سیلاب متاثرہ افراد سے کہا کہ وہ اپنے تحفظ کو یقینی بنائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ساتھ ہی کارکنان اور رضاکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔