پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے آواز تبدیل کروانے کیلیے سرجری کروانے کے الزام پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
ماورا حسین نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا جس میں اداکارہ سے پوچھا گیا کہ آپ سے متعلق کوئی ایسی افواہ جسے سن کر آپ کو ہنسی آئی ہو۔
اس پر اداکارہ نے بتایا کہ حال ہی میں، میں نے اپنے متعلق حیران کُن افواہ سنی کہ میری آواز بدل گئی ہے، یہ حقیقت ہے کہ جب میں نے سالوں پہلے کام شروع کیا تھا تو اُس وقت آواز کچھ اور تھی۔
’اس پر ایک نیوز چینل نے آرٹیکل لکھا ہے کہ ماورا حسین کی آواز اس لیے بدل گئی کیونکہ انہوں نے سرجری کروائی ہے۔ اس سرجری کے بارے میں مجھے بھی معلوم نہیں تھا، پھر میں نے گوگل پر سرچ کیا کہ کیا واقعی آواز کی تبدیلی کیلیے سرجری ہوتی ہے؟ لیکن ایسا کچھ نہیں ملا۔‘
انہوں نے بتایا کہ میں اس افواہ پر بہت ہنسی، میں نے اپنی ایک سہیلی سے پوچھا کہ کیا واقعی میری آواز بدل گئی ہے؟ اس نے کہا کہ ہاں تمہاری آواز میں کچھ بدلاؤ تو آیا ہے، میں نے کہا کہ لیکن لوگ اس کو سرجری کا نام کیوں دے رہے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ میں لوگوں کی بات سے اتفاق کرتی ہوں کہ آواز میں بدلاؤ آیا ہے، لیکن میں نے کوئی سرجری نہیں کروائی۔
انٹرویو میں اداکارہ نے اپنے متعلق ایک اور افواہ کا تذکرہ کیا کہ جب میں نے ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کی تھی تو ایک خبر شائع ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ میں یہ ڈگری لندن میں 5 کروڑ دے کر خریدی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پر میں نے سوچا کہ اگر میرے پاس 5 کروڑ ہوتے تو میں کم از کم ڈگری نہ خریدتی، میں اس خبر پر بہت ہنسی تھی۔