ممبئی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ ماورا حسین کے بغیر ان کی بالی وڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاری شروع کر دی گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا گیا کہ ’صنم تیری قسم‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے جس کی ہدایت کاری رادھیکا راؤ اور ونے سپرو کریں گے۔
پروڈکشن سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ فلمسازوں نے سیکوئل کیلیے اداکاروں کی کاسٹنگ کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فلمساز ’صنم تیری قسم‘ کا سیکوئل بنانا چاہتے ہیں لیکن یہ فی الحال ابتدائی مرحلے میں ہے، انہوں نے ابھی کاسٹنگ کا عمل شروع کیا ہے اس لیے یہ ابھی پری پروڈکشن میں ہے۔
یاد رہے کہ فلم میں بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے اور پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم کو میوزک اور پرفارمنس کی بدلت کافی شہرت ملی تھی۔
ذرائع کے مطابق فلمساز سیکوئل میں نئی کاسٹ لانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور پُرانی اداکار جوڑی کو کاسٹ نہیں کرنا چاہتے، اس وقت مرکزی کرداروں کیلیے کاسٹنگ کی جا رہی ہے اور اس کے بعد معاون کاسٹ کے بارے میں غور کیا جائے گا۔
فلمسازوں کو سیکوئل کیلیے ایک ایسی ہیروئن کی تلاش ہے جس کی آواز متاثر کُن ہو، جو گانا گانے کی صلاحیت رکھتی ہو اور جس کی عمر 18 سے 20 سال کے درمیان ہو۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکوئل کا نام ’جانم تیری قسم‘ رکھا گیا اور اس کی کہانی فلم ’عاشقی 2‘ کی طرح ہوگی۔