میکسویل نے ورلڈ کپ فائنل کا مزاحیہ قصہ سنا دیا

ایک روزہ کرکٹ کے نئے عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر میکس ویل نے فائنل میچ کا مزاحیہ قصہ طشت از بام کر دیا۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ ختم ہوئے لگ بھگ دو ہفتے گزر چکے ہیں لیکن میگا ایونٹ کے حوالے سے نت نئی خبریں اب بھی میڈیا کی زینت بن رہی ہیں جیسا کہ چیمپئن آسٹریلیا کے آل راونڈر میکس ویل نے فائنل میچ کا مزاحیہ قصہ سنایا ہے۔

ورلڈ کپ کے بعد سوشل میڈیا پر فائنل میچ کی اختتامی تقریب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور چیمپئن کپتان پیٹ کمنز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی اور اسی حوالے سے آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے فائنل میچ کے سب سے مزاحیہ قصے کو ایک بار پھر دہرا دیا ہے۔

میکسویل نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں فائنل جیتنے کے بعد اختتامی تقریب میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور بھارتی وزیراعظم مودی کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کو مزاحیہ اور پورے منظر نامے کو مزاحیہ قرار دیتے ہوئے دلچسپ قصہ سنا دیا۔

میکسویل نے کہا کہ میچ کی اختتامی تقریب کی ویڈیوز کافی مزاحیہ تھیں جہاں پیٹ کمنز نے مودی سے ہاتھ ملایا اور پوڈیم (اسٹیج) پر پھنس گئے۔
اختتامی تقریب نریندر مودی آسٹریلوی کپتان کو ورلڈ کپ ٹرافی دینے کے فوری بعد اسٹیج سے نیچے اتر گئے تھے اور وہاں باقی کینگرو کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے میں مصروف ہوگئے تھے جس کے بعد پیٹ کمنز کو کئی منٹ تک اسٹیج پر تنہا ٹرافی پکڑے کھڑا رہنا پڑا تھا۔

گلین میکس ویل نے اس قصے کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ سب تقریباً 10 منٹ تک جاری رہا ہوگا، پیٹ کمنز ٹرافی پکڑے باقی گروپ (آسٹریلوی کھلاڑیوں) کا انتظار کرتے رہے۔ اس سارے معاملے میں کپتان نے اپنی کلاس دکھائی اور بات کا بتنگڑ نہیں بنایا ورنہ شاید کوئی اور کمنز کی جگہ ہوتا تو کسی اور طرح کا ردعمل شائقین کے سامنے آ سکتا تھا۔