9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

فیصل آباد : انسدادد ہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمے میں عمر ایوب، علی امین گنڈا پور، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں پی ٹی آئی عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10سال قید کی سزا سنادی۔

فواد چوہدری ، زین قریشی ، ایم پی اے خیال کاسترو سمیت 7ملزمان کو بری کیا گیا جبکہ ایم پی اے جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزاسنائی۔

شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشدشفیق کو بھی فیصل آباد 9 مئی کے مقدمہ میں 10سال قید کی سزاسنائی گئی۔

اے ٹی سی فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی جبکہ 77 ملزمان کو بری کردیا۔

عدالت نے اشرف سوہنا، رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ اقبال، چوہدری بلال اعجاز، مسز فرخ آغا،فرخندہ کوکب، کنول شوزب، محمد احمد چٹھہ، چوہدری آصف علی، شکیل احمد خان نیازی، سردارعظیم اللہ خان، مہر محمد جاوید اور محمدانصراقبال کو 10 سال قید کی سزا سنائی ۔

یاد رہے انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 جولائی نو مئی کے 4 میں سے تین مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے 50 بڑے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

تھانہ سول لائن میں حساس ادارے پر حملے کے مقدمہ نمبر 835 ، تھانہ سول لائن میں پولیس وین جلانے کے مقدمہ نمبر 832 اور تھانہ غلام محمد آباد پر حملے کے مقدمہ نمبر 1277 کا فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

سابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے گھر حملہ کیس کا ٹرائل جاری ہے، تھانہ سمن آباد کے مقدمے کے ملزمان کے بیانات ریکارڈ کئے جا رہے ہیں

نو مئی کے 4 مقدمات میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 21 ملزمان نامزد ہیں ، جس مین اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ، شبلی فراز ، زرتاج گل ، علی امین ، فرخ حبیب ، فواد چوہدری ، شاہ محمود ، فیض اللہ کموکا بھی نامزد ہیں۔

ملزم ارکان اسمبلی میں صاحبزادہ حامد رضا،علی سرفراز ،عمر فاروق، خیال کاسترو، ایم پی ایز شاہد جاوید ، لطیف نذر ، اسماعیل سیلا بھی شامل ہیں۔