’میواسپتال میں مریم نواز کا رویہ افسوسناک رہا، دنیا بدل گئی شریف خاندان کے رویے نہیں بدلے‘

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ میو اسپتال میں مریم نواز کا رویہ افسوسناک رہا جس طرح مریم نواز نےکیا یہی کام نوازشریف اور شہبازشریف کرتے تھے دنیا بدل گئی شریف خاندان کے رویے نہیں بدلے۔

لاہور میں صحافیوں کے لیے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادوں کی سیاست سے پاکستان کو فائدے کی بجائے نقصان ہوا جب بھی انتخابی اتحاد بنا جماعت اسلامی کے کارکن مار کھاتے رہے ہمیں دھوکا دیا گیا اپوزیشن اتحاد ابھی تک اپنی سمت کا تعین نہیں کر سکا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب اورسندھ میں ایشوز پر احتجاج نہیں کر سکی، پی ٹی آئی شخصیت کو فوکس کرنے کی بجائے ایشوز پر بات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم منظور کرانے میں مولانا فضل الرحمان سہولت کار بنے، شرح خواندگی میں مدارس دینیہ کا بڑا کردار ہے افغانستان میں طالبات کی تعلیم مدارس کےذریعےہو رہی ہے 15 سال پہلے تک بنگلادیش، پاکستان میں وفود کے تبادلے ہوا کرتے تھے بنگلادیش میں بھارت مخالف جذبات پائےجاتے ہیں۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کی میو اسپتال آمد کے موقع پر مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیے تھے جس پر مریم نواز شدید برہم ہوئیں اور انہوں نے انتظامیہ کی سخت سرزنش کی اور ایم ایس کو عہدے سے فوری ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

مریم نواز نے ایم ایس کو جھاڑ بھی پلائی اور کہا کہ آپ ایم ایس ہیں آپ کو تو کچھ پتا نہیں، آپ کو یہاں کس نے رکھا ہے؟ شکریہ ادا کریں میں آپ کو گرفتار نہیں کروا رہی، آپ کو پتا ہی نہیں کہ مریضوں کے ساتھ ہو کیا رہا ہے؟

انہوں نے کہا تھا کہ مخلوق رل رہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، اسپتال کے حالات بہت برے ہیں، لوگ اسپتال میں علاج کی توقع اور امید لے کر آتے ہیں لیکن کس وارڈ میں کیا ہو رہا ہے، اسپتال انتظامیہ کو علم ہی نہیں۔

انہوں نے میڈیسن کے واجبات کی ادائیگی کیلیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ ادویات کی 100 فیصد فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مریم نواز نے سیکریٹری ہیلتھ کو ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی کی ہدایت بھی کی تھی۔